• news

واپڈا کا نام غیرقانونی طور پر استعمال کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کیخلاف کارروائی شروع

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) واپڈا نے ایسی تمام کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جو واپڈا کا نام غیر قانونی طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ واپڈا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ واپڈا اس غیر قانونی کام کو روکنے کے لئے رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ایف آئی اے سمیت دیگر تمام اداروں سے رابطہ کررہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ واپڈا کا قیام واپڈا ایکٹ 1958ء کے تحت ایک خود مختار ادارے کے طور پر عمل میں لایاگیا ہے۔ صرف واپڈا ٹاؤن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (فیزI اورفیزII) لاہور،  واپڈا کا نام استعمال کرنے کی مجاز ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں موجود دیگر کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی سے واپڈا کا بلاواسطہ یا بالواسطہ کوئی تعلق نہیں ہے۔ بیان میں واپڈا نے انتباہ کیا ہے کہ واپڈا کے نام سے قائم ان غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری کی صورت میں واپڈا کسی بھی نقصان یا واجبات کی ادائیگی کے لئے ہرگز ذمہ دار نہیں ہوگا۔ واپڈا کے نام سے قائم غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں  اسلام آباد، ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، شیخوپورہ، قصور، پشاور، کوئٹہ، کراچی، حیدر آباد میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن