کمشنر لاہور کا دورہ قصور ‘بی آر بی نہر پر فرضی مشقوں کا جائزہ لیا
قصور (نمائندہ نوائے وقت) کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے قصور کا دورہ کیا‘ گنڈا سنگھ بی آر بی نہر پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقوں کا جائزہ لیا‘ڈی سی آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہیلتھ، ریونیو، ڈویلپمنٹ، ایجو کیشن،لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر محکموں کے افسروں نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام گزشتہ روز ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے گنڈا سنگھ بی آر بی نہر پرفرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیاجس میں کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ارشد بھٹی، ڈی پی او محمد عیسی خاں، پاک آرمی سے کرنل محمد عقیل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رانا طاہر موسیٰ، اسسٹنٹ کمشنرزقصورعطیہ عنایت مدنی، چونیاں طلحہ انور، کوٹ رادھاکشن شازیہ رحمن،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 اور دیگر ضلعی انتظامی و رینجرز افسر بھی موجود تھے۔ ریسکیو1122‘محکمہ انہار، لائیو سٹاک، زراعت، سول ڈیفنس، ایجو کیشن،ہیلتھ، پولیس اور دیگر محکموں کی طرف سے ریلیف کیمپ لگائے گئے۔ کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔