پاکستان میں فٹبال کے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں: مائیکل اوون
لاہور(سپورٹس رپورٹر) انگلینڈ کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر مائیکل اوون نے کہا ہے کہ پاکستان میں فٹبال کے کھیل کے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر مائیکل اوون نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان میں عالمی فٹبال لیگ شروع کرنے پر بھی مشاورت ہوئی۔ کھلاڑیوں کی تربیت کھیل کو مزید نکھار سکتی ہے، گورنر سندھ کی دلچسپی اس کھیل کے فروغ میں اہم ثابت ہوگی۔گورنر سندھ اور مائیکل اوون کے درمیان فٹبال کھیل کے فروغ، عالمی معیار کے کھلاڑیوں کی تیاری سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنرکامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی فٹبال لیگ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ثابت ہوگا، فٹبال لیگ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا، عالمی فٹبال لیگ سے اس کھیل کی جانب رجحان بڑھے گا۔دنیا بھر میں فٹبال کھیل کو جنون کی حد تک دیکھا جاتا ہے، فٹبال کھیل کے فروغ سے عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کیے جا سکتے ہیں۔پاکستان فٹبال لیگ کے ایمبیسڈر برطانیہ کے سابق پروفیشنل فٹبالر مائیکل اوون نے کراچی میں انتہائی مصروف دن گزارا۔ سب سے پہلے فٹبال کے گڑھ لیاری پہنچے اور ککری گراؤنڈ میں کھیلا گیا نمائشی میچ دیکھا پھر گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں میں فٹبال تقسیم کیں۔مائیکل اوون نے گراؤنڈ سے فٹبال کو کک لگاکر انکلوژرز میں پھینکی پھر جس کے ہاتھ فٹبال لگی وہ خوش ہوگیا۔