پاکستانی سیٹلائٹ ’’پاک سیٹ ایم ایم ون‘‘ زمینی مدار میں پہنچ گیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپارکو کی جانب سے خلا میں بھیجا جانے والاکمیونیکیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون زمینی مدار میں پہنچ گیا۔ ترجمان سپارکو کے مطابق 30 مئی کو خلا میں بھیجا جانے والا پاکستان کا دوسرا کمیونیکیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون اپنے زمینی مدارمیں پہنچ گیا۔ پاک سیٹ ایم ایم 1 زمین سے 38ہزار 786 کلومیٹرکی بلندی پر موجود ہے۔ سیٹلائٹ زمینی مدار میں 2۔38 مشرق پر موجود ہے۔ 5 ٹن وزنی پاک سیٹ ایم ایم 1 مواصلات کے جدید ترین آلات سے لیس ہے جس کے ذریعے ملک کے طول وعرض میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت میسر آسکے گی۔ ترجمان سپارکو کے مطابق مدار میں پہنچنے کے بعد سیٹلائٹ کے سولر پینل استعمال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ارضی مدار میں سیٹلائٹ کی صحت جانچنے کے لیے اس پر مختلف ٹیسٹ کیے جائیں گے۔