• news

نواز شریف ،مریم سے امارتی سفیر کی ملاقات ، مری میں سمارٹ ٹرام چلے گی 

لاہور+مری (نوائے وقت رپورٹ+ بیورورپورٹ /نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور  نواز شریف سے امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں امارات کی سرمایہ کاری کے اعلان کو سراہا گیا۔ وزیراعلیٰ اور نواز شریف نے یو اے ای کی جانب سے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان پر شکریہ ادا کیا۔ باہمی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، زرعی تحقیق، ٹیکنالوجی اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں زرعی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور غذائی تحفظ کے فروغ  کیلئے اشتراک کار پر اتفاق کیا گیا۔ لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ اور ڈیری فارمنگ کے معاونت کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل اور دیگر صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امارات کے ساتھ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اورامارات کے تعلقات بھائیوں جیسے ہیں۔ علاوہ ازیں  مریم نواز شریف اور  نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ہاؤس مری میں خصوصی اجلاس میں مری کی قدیمی اور تاریخی عمارتوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔  دنیا کی بہترین سٹریٹ کے ماڈل پر مری سٹریٹ قائم کرنے پر غور، جدید ترین سمارٹ ٹرام چلانے پر اتفاق کیا گیا اور 15روز میں پلان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ کا نیا ڈیزائن تیار کرنے کا حکم دیا جس سے 1500سے زائد گاڑیوں کی گنجائش ہوگی۔ پارکنگ پلازہ سے سیاح جدید ٹرام پر مری تک آجا سکیں گے۔  مری کے داخلی راستوں پر ڈیجیٹل کاؤنٹنگ کیمرے کی تنصیب کے لئے 15 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے۔  مری ٹریفک مینجمنٹ کے پلان کی منظوری دی گئی جبکہ مری کیبل کار سروس مرمت کے بعد بحالی فٹنس سرٹیفکیٹ سے مشروط ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے ساملی ٹی بی سینی ٹوریم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ سیاحوں کے لئے مال روڈ سمیت مختلف مقامات پر موٹر وے ماڈل پر بہترین ٹوائلٹ بنائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے سپیشل افراد کے لئے مخصوص ٹائلٹ اور کڈز ریسٹ بنانے کی ہدایت کی اور مال روڈ پر سپیشل افراد اور بزرگوں کے لئے وہیل چیئر سنٹر قائم کرنے کا حکم دیا۔  انٹرٹینمنٹ پارک اور گلمپنگ پوڈ ویلج کی تجاویز پر غورکیا گیا۔  اجلاس کو تجاوزات کے خاتمے، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن سے آگاہ کیا گیا۔  تجاوزات کے خاتمے کی مہم کے دوران زخمی اہلکاروں کی مالی امداد کی اصولی منظوری دی گئی۔ ٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کی مہم جاری رہے گی، سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ نوازشریف نے کہا کہ عوامی فلاح و ضرورت کے پراجیکٹ میں تاخیر کا سبب بننے والے قوانین میں ترامیم کی جائیں۔ موٹر وے ہم نے بنائی اور دوسرے روکتے رہے۔ پراجیکٹس کے ریکارڈ قائم کئے، دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ ہم نے ختم کی۔ کورین کمپنی کی بنی سڑک دس سال خراب نہیں ہوئی، ماضی میں موٹر وے کو تباہ کردیا گیا۔  قومی اثاثے تباہ کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ مریم نواز شریف نے طوفانی بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ زخمی افراد کو بہترین علاج مہیا کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن