رواں سال پا ک فوج کے بلوچستان میں مختلف آپریشنز ، 66دہشتگرد ہلاک ، 4گرفتار
راولپنڈی (این این آئی) یکم جنوری 2024 سے 31مئی 2024 تک پاک فوج نے بلوچستان میں خوارج کے خلاف مختلف آپریشنز کے دوران 66 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ پاک فوج کی جانب سے بلوچستان میں سال 2024 کے دوران دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ اگست 2021 میں افغان طالبان کا افغانستان میں کنٹرول سنبھالنے کے بعد پاکستان میں دہشتگردی کی ایک نئی لہر جاگ اٹھی اور دور حاضر کے خوارج تحریک طالبان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان پر دہشت گرد حملے تیز کر دیئے، جس کی سرکوبی کے لیے افواج پاکستان نے مؤثر حکمت عملی اپنائی۔ اس حکمت عملی کے تحت، رواں سال پاکستان میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے افواج پاکستان نے مربوط اور منظم انداز میں مختلف آپریشنز کیے۔ خوارج کے خلاف مختلف آپریشنز کے دوران 66 دہشت گردوں کو جہنم واصل، 27 کو زخمی جبکہ 4 کو زندہ گرفتار کر لیا۔