ٹی 20ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ امریکہ نے پاکستان کو سپراورمیںہرادیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا سنسنی خیز مقابلہ ‘بڑا اپ سیٹ ‘امریکہ نے پاکستان کو سپر اوورمیں شکست دیدی ۔ ڈیلاس میں کھیلے گئے میچ میں امریکی کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کافیصلہ کیا۔ پاکستان ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا ۔ 3 ٹاپ آرڈر بیٹرز پاورر پلے میں 26 رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان 9، عثمان خان 3 اور فخر زمان 11 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ شاداب 40 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے ۔ اعظم خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم 43 گیندوں پر 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 18 رنز بناسکے۔ شاہین آفریدی نے 23 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔پاکستان نے 7وکٹوںپر159رنزبنائے۔ نوتوش کینجی نے 3 ، سوراب نے 2 ، علی خان نے ایک وکٹ لی۔امریکہ نے 3وکٹوںپر 159رنز بنائے ۔ کپتان مونانک پٹیل نے 50رنز بنائے ۔ پاکستان کی طرف سے سپر اوورمحمد عامر نے کیا ۔امریکہ نے ایک وکٹ پر 18رنز بنائے ۔ پاکستان کی طرف سے سپر اوور کھیلنے افتخار احمد اور فخر زمان آئے ۔ پاکستان سپر اوورمیں ایک وکٹ پر 13رنز بناسکا۔ امریکہ میچ پانچ رنز سے جیت گیا ۔ مونانک پٹیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نیو یارک سٹیڈیم کی وکٹ کے معیاری نہ ہونے کا اعتراف کرلیا اورکہا کہ نیویارک کے نساؤ سٹیڈیم کی وکٹ میں وہ تسلسل نہیں دکھا جس کی سب کو توقع تھی، بقیہ میچز کیلئے وکٹ کی کوالٹی بہتر کرنے کیلئے بہترین ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ گزشتہ روز ختم ہونے والے میچ کے بعد سے وکٹ کی درستگی کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے۔پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم بھی ڈیلاس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان ورلڈ کپ میچ دیکھنے سٹیڈیم پہنچ گئے۔ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹر ہیں۔ شائقین پاکستان ٹیم کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے کافی خوش تھے۔ہیوسٹن سے آئے شائقین نے کہا کہ پاکستان امریکہ میچ کیلئے ہم کافی پرجوش ہیں کیونکہ دونوں ہی ممالک سے ہمارا تعلق ہے، پہلے ہم پاکستانی تھے تاہم اب ہم امریکی شہری ہیں اس لیے دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں گے۔