میانوالی دیرتیہ رنجش، گھات لگائے ملزموں کی کوچ پر فائر نگ ،3افراد جاں بحق ،6زخمی
میانوالی (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) تھانہ عیسیٰ خیل کی حدود میں مسافر کوچ میں مخالفین پر اندھا دھند فائرنگ سے تین افراد جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہو گئے۔ میانوالی بنوں میں روڈ پر سی پیک پل کے قریب مبینہ گھات لگائے افراد نے عیسیٰ خیل سے میانوالی جانے والی مسافر کوچ میں مخالفین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں موقع پر تین افراد جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق علاقہ ترگ کے قریب مندہ خیل کے رہائشی دو گروپوں نازلی خیل اورکلو برادری کے درمیان سابقہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ سے 3 افراد قتل اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ قتل پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایا گیا ہے جس میں کچھ عرصہ قبل مندہ خیل سے تعلق رکھنے والی کلو اور نازلی خیل برادری کے درمیان لڑائی سے کئی افراد پہلے قتل اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق اسی پرانی دشمی کا بدلہ لینے کیلئے فائرنگ کی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 نے لاشوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال عیسی خیل منتقل کیا۔ جبکہ تھانہ عیسی خیل پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی و تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 3 قتل اور 6 زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔ ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ خان کو خود فیلڈ میں موجود رہنے، ریڈ کی سپرویژن کا حکم دیا ہے۔ پولیس نے ریڈ پر فائرنگ میں ملوث 06 ملزمان گرفتار کرنے، اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔