ملازمین کے جائز حقوق کا تحفظ،کسی ملازم کا استحصال نہیں ہونے دینگے:وزیرتعلیم
لاہور (لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ، پنجاب ایگزیمینیشن کمیشن اور قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ، سمیت محکمہ کے کسی بھی ملازم کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ ملازمین کے جائز حقوق کا خود تحفظ کروں گا۔ ہر ادارے کی اپنی شناخت قائم رہے گی اور کسی کی پروموشن پالیسی ڈسٹرب نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد، پی سی ٹی بی اور پنجاب ایگزیمینیشن کمیشن کے ملازمین کی مشترکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ماضی میں شعبوں پر ویسی توجہ نہیں دی گئی جو ضرورت تھی۔ ملازمین کی پروموشن، کتب کی ترسیل، خالی پوسٹوں پر بھرتیوں سمیت دیگر امور بلاوجہ تاخیر کا شکار رہے۔ 5 سالوں میں اساتذہ کی ٹریننگ بھی تعطل کا شکار رہی۔ اب میرٹ کی پامالی نہیں ہوگی۔ تمام اداروں کے ملازمین کی مرضی سے ان کے سروس رولز بنیں گے۔ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر پالیسیاں بنا رہے ہیں۔ سفارشی کلچر ختم ہوگا۔ جو اچھا کام کرے گا اسے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔