چیئرمین پی سی بی کا نوٹس‘ آئی سی سی نے پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل کردیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے سخت نوٹس لیے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے نیویارک میں ہوٹل کو تبدیل کر دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیو یارک میں 9اور 11جون کو دو میچز کھیلنے ہیں اور نیو یارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو جو ہوٹل دیا گیا تھا وہ سٹیڈیم سے 90منٹ کی مسافت پر تھا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے معاملے کا سخت نوٹس لیا تھا جس پر نیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہوٹل تبدیل کر دیا گیا۔ اب پاکستان کرکٹ ٹیم کو جو ہوٹل دیا گیا ہے وہ سٹیڈیم سے 5منٹ کی ڈرائیو پر ہے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کو نیویارک میں گرائونڈ سے صرف 10منٹ کی دوری پر ٹھہرایا گیا جبکہ دیگر ٹیموں کے ہوٹل ایک گھنٹے سے زیادہ کی دوری پر ہیں۔جنوبی افریقا اور سری لنکا پہلے ہی نیو یارک میں قیام کے دوران فراہم کی جانے والی سہولیات پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آئی سی سی حکام سے رابطہ کر کے معاملے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ایونٹ کے منتظمین کو پاکستان ٹیم کا ہوٹل تبدیل کرنے پر قائل کر لیا۔
محسن نقوی نے آئی سی سی کو واضح طور پر بتا دیا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ کیلئے طویل فاصلہ طے کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جن میں نیویارک میں 9اور 11جون کے میچز بھی شامل ہیں۔ آئی سی سی پر واضح کر دیا کہ اگر پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل نہ کیا گیا تو وہ پی سی بی کے خرچے پر ٹیم کو بہتر اور آسان جگہ پر منتقل کر دیں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم ان کی ذمہ داری ہے اور وہ کھلاڑیوں کے آرام کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔