اسد قیصر کی آزادی مارچ مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور
اسلام آباد ( وقائع نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اعظم خان نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی آزادی مارچ کے 4 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں 50 ، 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کر لیں ۔ گزشتہ روز اسد قیصر اپنی وکیل عائشہ خالد ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ، وکیل نے کہا کہ اسد قیصر نے عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے ضمانت کی درخواستیں منظور کی جائیں۔ اسد قیصر کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے گئے ہیں ۔ اسد قیصر کے خلاف تین مقدمات تھانہ گولڑہ اور ایک مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہے ۔ عدالت نے چار مقدمات میں پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکوں اور ایک مقامی ضامن کے عوض عبوری ضمانت کی درخواستیں 22 جون تک منظور کر لیں ۔ عدالت نے اسد قیصر کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ کو کیس کا ریکارڈ پیش کرنے اور دلائل کے لئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔