• news

کمی عارضی، مہنگائی بڑھنے لگی، 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 14 سستی: ادارہ شماریات

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) ملک میں مہنگائی کی شرح میں پھر اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.45 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اس سے پچھلے ہفتے بھی گرانی کی شرح میں 0.11 فیصد کا معمولی اضافہ ہو اتھا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران آلو، ٹماٹر، پیاز، دودھ، دہی اور دال چنا سمیت 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ آٹا، انڈے، لہسن، سرخ مرچ پاوڈر سمیت 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اور 18اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ حالیہ ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں 33 روپے 39 پیسے، ٹماٹر10 روپے 6 پیسے، آلو 2 روپے 36 پیسے، کیلے فی درجن 7 روپے 26 پیسے مہنگے ہو ئے جبکہ چکن کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 91 پیسے کا اضافہ ہوا، اس کے علاوہ مصالحہ جات، گڑ ، سگریٹ، دال ماش بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جبکہ ڈبل روٹی کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے کی کمی ہوئی اور انڈے فی درجن 2 روپے 27 پیسے سستے ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق چاول، چلی پاؤڈر، خشک دودھ، چینی، دال مونگ بھی سستی ہوئی جبکہ بیف، دہی، چائے کی پتی سمیت 18 اشیاء کی قیمتیں برقرار رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن