سکول پر پھر بمباری، 33 فلسطینی شہید، سپین کا اسرائیلی کارروائیوں کیخلاف مقدمہ میں فرق بننے کا اعلان
غزہ (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل نے غزہ میں اقوام متحدہ کے سکول پر ایک بار پھر بمباری کی جس کے نتیجے میں 33 فلسطینی شہید ہوگئے۔ سکول میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی۔ اسرائیل کا کہنا ہے اس نے حماس کے فائٹرز کی موجودگی کی اطلاع پر سکول کو نشانہ بنایا۔ گزشتہ روز بھی اسرائیلی فورسز نے اقوام متحدہ کے سکول پر بمباری کی تھی جس میں خواتین اور بچوں سمیت 40 فلسطینی شہید ہوئے۔ سپین نے عالمی عدالت انصاف میں غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف جنوبی افریقہ کے نسل کشی کے مقدمے میں فریق بننے کا اعلان کر دیا۔ ہسپانوی وزیر خارجہ جوز مینوئل الباریس نے کہا ہے سپین جنوبی افریقہ کے ساتھ غزہ میں اسرائیل کی جاری کارروائیوں کے خلاف نسل نشی کے کیس میں بین الاقوامی عدالت انصاف میں شامل ہو جائے گا۔ سپین اس کیس میں شامل ہونے والا پہلا یورپی ملک ہے‘ اس مقدمے میں چلی اور میکسیکو بھی شامل ہو چکے ہیں۔ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر کیے ڈرون حملوں اور جھڑپ میں ایک صیہونی فوجی ہلاک جبکہ 7 شدید زخمی ہو گئے۔ حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل میں قصبے حرفیش پر ڈرون داغے گئے‘ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے لبنان سے گزشتہ روز شمالی اسرائیل کے قصبے حرفیش میں دو دھماکا خیز ڈرون حملے ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حرفیش میں فٹبال کے میدان پر ڈرون حملہ ہوا، کچھ لوگ ہلاک ہوئے ہیں لیکن ان کی شناخت کا ہمیں پتا نہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے فوج کی گاڑیاں موجود ہیں اور فٹبال کے میدان سے دھواں اٹھ رہا ہے۔