سائنسدانوں نے مریخ پر پُراسرار گڑھا دریافت کر لیا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سائنسدانوں نے مریخ کی سطح پر ایک پراسرار گڑھا دریافت کیا ہے اور انہیں کوئی اندازہ نہیں کہ اس کے اندر کیا ہو سکتا ہے۔ مگر سائنسدانوں کا خیال ہے کہ مستقبل میں مریخ پر پہنچنے والے انسان ریڈی ایشن سے بچنے کے لیے اس گڑھے کے اندر پناہ لے سکیں گے۔ اگر مریخ زمین یا چاند کی طرح ہوا تو اس کا امکان ہے کہ اس گڑھے کی سطح کے نیچے لاوے کی خشک سرنگیں ہوں گی جو انسانوں کی پناہ گاہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ اس گڑھے کی تصویر ناسا کے مریخ پر موجود مارس آربٹر نے کھینچی۔ یہ گڑھا مریخ کے ’’آرشیامونس‘‘ نامی خطے میں موجود ہے جس کے نیچے ایک خوابیدہ آتش فشاں چھپا ہوا ہے۔