پیوٹن بدتمیز اور ڈکٹیٹر ہے،روسی صدر کو 40سال سے جانتا ہوں، جوبائیڈن
ماسکو(آئی این پی)چند روز قبل یوکرائن کو روس میں امریکی ہتھیاروں کے استعمال کی اجازت دینے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے دارالحکومت ماسکو یا کریملن پر ایک مرتبہ پھر کڑی تنقید کی ہے۔ روسی سرزمین پر حملے کرنے کے لیے یوکرائن کو جدید ہتھیار وں کی فراہمی سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر بائیڈن نے کہ پیوٹن بدتمیز اور ڈکٹیٹر ہے۔بائیڈن نے امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں مزید کہا کہ میں پیوٹن کو 40سال سے زیادہ عرصے سے جانتا ہوں، وہ 40سال سے میرے لیے پریشان کن ہے، وہ ایک آمر ہے۔ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے کہ جب تک جنگ جاری رہے تو وہ اپنے ملک کو ساتھ رکھے۔ امریکی ساختہ ہتھیاروں کے روس کے خلاف استعمال ہو نے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے واضح کیا کہ امریکی ہتھیاروں کو روسی دارالحکومت یا حکومت کی نشست کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے امریکی صدر جو بائیڈن کے روسی صدر پیوٹن کے خلاف جارحانہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے الفاظ صرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ دمتری پیسکوف نے مزید کہا کہ پیوٹن بدتمیزی کا جواب نہیں دیتے ہیں۔ پیسکوف نے کہا کہ پیوٹن اس قسم کی گستاخی کا جواب نہیں دیتے اور وہ ایسا نہیں کریں گے۔