فواد چودھری کے مقدمات کی غلط تفصیل‘ توہین عدالت کی درخواست پر جواب طلب
لاہور (خبر نگار) ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے مقدمات کی غلط تفصیلات فراہم کرنے پر فواد چوہدری کی توہین عدالت کی درخواست پر وکلاء سے 14 جون کو حتمی دلائل طلب کر لئے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ محمد سلیم چغتائی اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب لیگل اور محمد اظہر اکرم ڈی آئی جی انویسٹی گیشن مانیٹرنگ برانچ پنجاب کو فریق بنایا گیا کہ مئی 2023 میں پولیس، اینٹی کرپشن، ایف آئی اے سے مقدمات کی تفصیلات طلب کی تھیں، عدالت نے تمام مقدمات کی تفصیلات طلب کی تھیں، صرف گیارہ مقدمات کی تفصیلات فراہم کی گئیں، چھ مقدمات لاہور اور پانچ مقدمات ملتان کے بتائے گئے، ویڈیو لنک پیشی کی درخواست میں عدالت نے مقدمات کی دوبارہ تفصیلات طلب کیں، پولیس نے چالیس مقدمات میں شامل ہونے کی تفصیلات فراہم کی گئیں، چالیس مقدمات میں 19 مئی کی پہلی رپورٹ سے پہلے کے گیارہ مقدمات کی ضمنیوں میں نامزدگی ظاہر کی گئی، 19 مئی سے پہلے کے گیارہ مقدمات کی تفصیلات پوشیدہ رکھی گئیں، عدالت میں غلط رپورٹ پیش کرنا توہین عدالت ہے، استدعا ہے کہ عدالت مقدمات کی غلط رپورٹ پیش کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کرے۔ پولیس کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کروا دی گئی،8 پولیس اہلکاروں کے خلاف غلط رپورٹ دینے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، تمام 8 اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کر کے سزا دے دی گئی۔