نیول چیف کا دورہ قطر، فوجی سربراہوں سے دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے قطر کے دورہ دوران قطری افواج کے چیف آف سٹاف اور کمانڈر قطری امیری نیول فورسز سے اہم ملاقاتیں کی جس دوران دو طرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دفاعی تعلقات، دو طرفہ بحری تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے محمد بن غانم الغنیم نیول اکیڈمی، نیول بیس ام الحول اور قطر امیری بحریہ کے جہازوں کا دورہ کیا، نیول چیف کو قطری بحریہ کی استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ سربراہ پاک بحریہ نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شرکت کے ذریعے علاقائی میری ٹائم امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ میزبان حکام نے خطے کی بحری سکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔ نیول چیف کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔