• news

پاکستان کی اقوام متحدہ کو دہشتگردی کیخلاف تعاون کی پیشکش، مشن کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں آمد۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات ہوئی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور۔اقوام متحدہ کے امن مشنز۔ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اقوام متحدہ کے   امن مشنز کے لئے پاکستان کے مشن کی تعداد بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور پاکستان پولیس کے افسران کی کئی برس بعد یو این امن مشنز میں تعیناتی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں سے گزشتہ کئی برس سے پاکستانی پولیس افسران کی یو این امن مشنز میں تعیناتی کا رکا ہوا سلسلہ دوبارہ بحال ہو گا اور  جلد 128 پاکستانی پولیس افسر یو این  جا سکیں گے اور انہیں تعیناتی ملے گی۔ ملاقات میں اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی فورس کے یونٹ کے قیام کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  سی ٹی ڈی فورس یونٹ کے حوالے سے پاکستان کے تجربے، مہارت اور پروفیشنل اپروچ سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یو این سی ٹی ڈی فورس کے یونٹ کے لئے پاکستان کی جانب سے ہر ممکن معاونت کی پیشکش کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ یو این سی ٹی ڈی فورس یونٹ کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پولیس میں خواتین  افسران کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے محسن نقوی کے دور وزارت اعلی میں  پنجاب پولیس میں میثاق سنٹرز، تحفظ سنٹرز کے قیام سمیت دیگر اصلاحات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سیلاب زدگان کے لئے مدد کی اپیل پر پاکستانی قوم آپ کی ممنون ہے۔ دنیا میں امن کے قیام کے لئے اقوام متحدہ خصوصا آپ کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں۔ آپ نے ہر موقع پر امن اور دکھی انسانیت کے لیے آواز بلند کی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم  اور اقوام متحدہ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن