بھارت: ہندو غنڈوں کے تشدد سے 2 مسلمان بیوپاری شہید، نعشیں ندی سے برآمد
نئی دہلی (کے پی آئی) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں ہندوتوا کارکنوں کے دو مسلمانوں کو بے دردی سے تشدد کر کے شہید کر دیا۔ واقعے میں ایک نوجوان شدید زخمی ہوا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چاند میاں، گڈو خان اور صدام خان نامی تین افراد ایک ٹرک میں بھینسوں کو لے جا رہے تھے جب 12کے قریب ہندو غنڈوں نے انہیں روک کر ٹرک سے نیچے اتارا اور بہیمانہ طریقے سے مارا پیٹا۔ حملہ آوروں نے ارنگ کے قریب مہاندی پل پر ٹرک کو روکا، تینوں کو گھسیٹ کر ٹرک سے اتارا اور بے دردی سے مارا پیٹا۔ چاند میاں اور گڈو خان کو پل سے نیچے ندی میں پھینک دیا۔ دونوں کی بعد میں نعشیں مل گئیں۔ تیسرا شخص صدام خان اس وقت رائے پور کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ عید قریب آتے ہی مسلمانوں پر مظالم میں اضافہ ہو گیا ہے۔