• news

گنڈا پور نوکری پکی کر رہے، ان کے لیول پر نہیں گر سکتا، مناظرہ کر لیں: فیصل کنڈی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنی نوکری پکی کرنے کے لیے ایسی زبان استعمال کرنا مجبوری ہے۔ اسلام آباد میں کھیلوں کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے سے کہا کہ دلیل سے بات کریں، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایف آئی ایف سی) کا معاملہ تھا دلیل اور دلائل سے حل ہوا، میں ان کا مشکور ہوں کہ وہ کچھ دلیل سے کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گورنر خیبر پی کے کا کہنا تھا کہ ایسی زبان استعمال کرنا ان کی مجبوری ہے، وہ اپنی نوکری پکی کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو چیلنج کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی پسند کے چینل میں بیٹھ کر مناظرہ کر لیں۔ فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ میں نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھا کہ 26 یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز نہیں ہیں اس پر کام کریں، 6 قائم مقام وائس چانسلرز کی تقرری کی اور وہ بھی غیر قانونی طریقے سے ہوئی ہے۔ چیف جسٹس سے کہنا چاہتا ہوں سپریم کورٹ میں وائس چانسلر کے حوالے سے کیس میں صوبے کے وکیل نے غلط بیانی کی ہے، ابھی تک کسی بھی وائس چانسلر کی سمری میرے پاس نہیں آئی، جب بھی سمری آئے گی میں دستخط کرنے میں دیر نہیں کروں گا۔ یہ چاہتے تھے یوتھیے وائس چانسلر آئیں، انہوں نے اپنے بندے رکھنے تھے، ہر ضلعے میں یونیورسٹی قائم ہے اور سیاسی بھرتیاں ہوئی ہیں، سوشل میڈیا کا خیبر پی کے الگ ہے اور حقیقی خیبر پی کے صوبہ الگ ہے۔ سالانہ ایونٹ میں دوسری بار آرہا ہوں، اس وقت 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کے لیے ایسے ایونٹس ہونے چاہیئں، ہمارے صوبے میں کھیلوں کے میدان بہت کم ہیں۔ ہماری آدھی قومی کرکٹ ٹیم کے پی سے ہے، نوجوان کھلیوں پر توجہ دیں، ہم نوجوان اور ویمن امپاورمنٹ پر کام کریں گے۔ روایتی کھیلوں کو فروغ دیں گے، جلد پشاور میں ایسا ایونٹ کرنے والے ہیں، ہم خیبرپی کے میں نیزہ بازی کے ٹورنامنٹ کرائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن