سوات جلسہ، بانی پی ٹی آئی نظریہ پر قائم ہیں، بیرسٹر گوہر: باہر نکلے تو تمہاری داستان بھی نہیں رہے گی، علی امین گنڈاپور
سوات ( نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے نظریئے پر قائم ہیں، بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں ملک میں آئین وقانون کی بحالی ہو۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیراہتمام سوات میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جلسے میں آمد پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی اس ملک کے لیے لڑ رہا ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ لوگوں کی حمایت سے بانی پی ٹی آئی جلد جیل سے باہرآئیں گے، بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ جو زیادتیاں ہوئیں معاف کرتا ہوں لیکن ملک سے زیادتی کرنے والوں کو معاف نہیں کروں گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا کہ ملک سے زیادتی کرنے والوں سے صلح نہیں ہوسکتی، ملک بغیر قانون کے نہیں چل سکتا، تحریک انصاف پر جو ظلم ہو رہا ہے اس کو بند کیا جائے۔ جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جب تک زندہ ہوں فاٹا، پاٹا پر کسی کا باپ بھی ٹیکس نہیں لگا سکتا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے خاموش ہیں، خدا کی قسم اگر ہم نکلے تو تمہاری داستان بھی نہیں رہے گی داستوں میں۔علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ پشتونوں نے ہمیشہ قربانیاں دیں، بھٹو کو اقتدار دینے کے لئے پاکستان کو تڑوا دیا،مشرقی پاکستان سے قوم کا نقصان ہوا، شخصیات کے فیصلے ہمارے ملک اور اداروں کی تباہی کر رہے ہیں، ہم شخصیات کے فیصلوں کو نہیں مانتے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ان کے پاس عوامی مینڈیٹ اور اخلاقی جرات نہیں، کہتے ہیں ہم پر ٹیکس لگائیں گے، ہم پر فیصلے مسلط نہ کرو، پہلے وہ حساب کرو جو ٹیکس لے رہے ہو، ملک شخصیات سے نہیں آئین کے تحت چلتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حق کے لئے ہم لڑیں گے اورمریں گے، حق کے لئے لڑنے کا حکم قرآن میں ہے، صوبے کا حق لیکر اپنی عوام پر لگائیں گے، رشوت لینے والے کو نہیں چھوڑیں گے، جنگل کاٹنے والوں کے ہاتھ کاٹ دوں گا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم خاموش اور انتظار میں ہیں کہ بانی پی ٹی آئی ہمیں نکلنے کا کہیں، ہم اپنا حق لینا اور چھیننا اچھی طرح جانتے ہیں، میں کس سے پوچھوں میرا مجرم کون ہے؟وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ نوازشریف، زرداری، مریم نواز، آئی جی پنجاب یا کوئی اور مجرم ہے؟ جعلی کیسز میں ہمارے لیڈر کو سزائیں دی جارہی ہیں۔