• news

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان، بھارت ٹاکرا آج، پھر اپ سیٹ، افغانستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ آج بھارت کیخلاف کھیلے گا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا ۔پاکستان کوپہلے میچ میں امریکی ٹیم سے اپ سیٹ شکست ہوئی تھی۔پاکستان کو اگلے مرحلے کاسفر برقرار رکھنے کیلئے لازمی فتح درکا ر ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے گزشتہ روز نیویارک میں پریکٹس کی ۔ 14ویں میچ میں نیوزی کوافغانستان نے 84 رنز سے اپ سیٹ شکست دیدی۔نیوزی لینڈ کی ٹیم 160رنز کے تعاقب میں 15.2اوورز میں75رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ راشد خان اور فضل حق فاروقی نے چار چار وکٹیں حاصل کیں ۔ کیوی اوپنر فن ایلن، فضل حق فاروقی کی پہلی ہی گیند پر بولڈ ہو گئے، ڈیون کونوے نے 8، گلین فلپ نے 18 میٹ ہینری نے 12 رنز بنائے،کپتان کین ولیمسں 9 رنز بناسکے۔پرویڈینس سٹیڈیم گیانا میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، افغانستان نے 6وکٹوں  پر 159رنز بنا ئے۔ اوپنرز نے 103 رنز کا آغاز فراہم کیا، رحمان اللہ گرباز نے 80رنز کی اننگز کھیلی، ابراہیم زردان نے 44رنز بنائے۔ ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ لوکی فرگوسن نے ایک افغانی بیٹر کو پویلین کی راہ دکھائی۔رحمان اللہ گرباز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ 15ویں میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر اپنے پہلے ہی میچ میں کامیابی سمیٹ لی، سری لنکا کو ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔امریکی شہر ڈیلاس میں گروپ ڈی کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔سری لنکا نے 9 وکٹوں پر 124 رنز بنائے۔ پیتھم نسانکا 47 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔ مستفیض الرحمٰن اور ریشاد حسین نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش نے ہدف ایک اوور پہلے 8 وکٹوں پر حاصل کیا۔ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، تنزید حسین 3 اور سومیا سرکار صفر پر پویلین واپس لوٹ گئے۔توحید ہری دوئے 40 اور لٹن داس نے 36 رنز بناکر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جبکہ محمود اللہ نے 16 رنز کی اننگز کھیلی ۔ نوان تھشارا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ریشاد حسین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ٹورنامنٹ میں مسلسل 2 شکستوں کے بعد سری لنکن ٹیم کے اگلے مرحلے تک رسائی کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں، اب انہیں اپنے اگلے میچز میں کامیابی کیساتھ دیگر ٹیموں کے ہار جیت پر بھی نظر رکھنا ہوگی۔جنوبی افریقہ نے نیدرلینڈ ز کو 2وکٹوں سے ہرا دیا ۔ نیدر لینڈ ز نے 9وکٹوں پر 103رنز بنائے ۔ سائی برانڈ نے 40رنز بنائے۔ اوٹنیل نے 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ جنوبی افریقہ نے ہدف 8وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ ڈیوڈ ملر نے ناقابل شکست 59رنز بنائے ۔ ڈیوڈ ملر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ 

ای پیپر-دی نیشن