• news

بھارت کیخلاف اچھی پلاننگ، جیت کیلئے جان مارنی ہو گی: گیری کرسٹن

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے ٹی 20 ورلڈکپ کے انتہائی اہم میچ میں بھارت کیخلاف دفاعی حکمت عملی اختیار کرنے اور پلیئنگ الیون میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پہلے میچ میں شکست کی وجہ سے پاکستان بھارت کیخلاف فتح حاصل کر کے ایونٹ میں بھرپور طریقے سے واپس آنے کیلئے کوشاں ہے۔ٹیم میں تبدیلی کی جائیگی اور اعظم خان کو ڈراپ کر کے عماد وسیم کو سکواڈ میں شامل کیا جائیگا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے نیویارک سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تصدیق کی کہ عماد وسیم اب مکمل فٹ اور میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ بھارت کیخلاف ایک نیا میچ ہے اور ہم اچھی پلاننگ کیساتھ میدان میں اتریں گے، کسی کی انفرادی پرفارمنس نہیں بلکہ جیت کیلئے پوری ٹیم کو جان مارنی ہوگی۔ پاکستان بھارت میچ میں دونوں ٹیموں پر فتح کا دباؤ ہوتا ہے، ٹی ٹونٹی کرکٹ بہت ظالم فارمیٹ ہے، ایک پل میں میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے، اسی وجہ سے میں بھارت کیخلاف میچ کے حوالے سے کوئی پیش گوئی کرنے کے قابل نہیں ہوں۔ بھارت کیخلاف میچ کیلئے ابھی پلیئنگ الیون کو فائنل نہیں کیا ہے، البتہ پاکستانی کرکٹرز بہت باصلاحیت ہیں اور انہوں نے بھارت کیخلاف جیت پر فوکس کیا ہوا ہے۔ میچ میں فتح حاصل کرنے کیلئے تینوں شعبوں بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ بہت اہم ہے، گزشتہ میچ میں کی جانے والی غلطیوں پر لڑکوں نے کام کیا ہے اور امید ہے کہ وہ اب دوبارہ نہیں ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن