• news

غزہ: یرغمالی چھڑانے کیلئے آپریشن: بمباری، 150 فلسطینی شہید، اسرائیلی فوجی افسر ہلاک

غزہ‘ لندن (نوائے وقت رپورٹ) غزہ کے علاقے دیر البلح میں اسرائیلی فوج نے شدید بمباری کرتے ہوئے 150 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ الاقصیٰ ہسپتال کے اطراف گولہ باری جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں نصیرات‘ المغازی اور البریج کیمپوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف لندن میں بڑا مظاہر کیا گیا۔مظاہرین رسل سکوائر سے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔ شرکاء نے کہا حکومت جنگ بندی کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔ الیکشن میں فلسطینیوں کے قتل عام کیخلاف آواز اٹھانے والوں کو ووٹ دینگے۔ اسرائیلی فوج کے دیر البلح میں یرغمالیوں کی بازیابی کے آپریشن میں اسرائیلی فوجی افسر بھی ہلاک ہو گیا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اسرائیلی سپیشل فورسز کا کمانڈر آرنون زمورا آپریشن میں مارا گیا۔ بازیاب کرائے گئے یرغمالیوں میں نواکرمسن‘ شلومی زیو‘ آندرے کوزلوف اور الموگ میتر شامل ہیں۔ شدت پسند یہودیوں نے فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام علاقے پر حملہ کر دیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق نابلس کے قریب قصرہ میں فلسطینیوں کے گھروں اور فصلوں کو آگ لگا دی۔ اسرائیلی پولیس کی فائرنگ سے دو فلسطینی زخمی ہو گئے۔امریکی صدر جوبائیڈن فرانسیسی صدر میکرون نے دیرلبلح آپریشن میں چار یرغمالیوں کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے۔ میکرون نے کہا کہ فرانس فوری جنگ بندی اور سیاسی حل کے امکانات کو کھولنا چاہتے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق یرغمالیوں کی بازیابی کے آپریشن میں امریکہ نے اسرائیل کی مدد کی۔ فلسطین کے صدر محمود عباس نے اسرائیلی فوج کے وسطی غزہ کے نصیرات کیمپ میں فلسطینیوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن