اجازت کے بغیر حج جائز نہیں‘ سعودی علماء کے فتویٰ کی مکمل حمایت: طاہر اشرفی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان علماء کونسل مملکت سعودی عرب کے علماء کی سپریم کونسل کے فتویٰ کی مکمل تائید کرتی ہے جس میں اجازت کے بغیر حج پر پابندی عائد کرنے کی حمایت کی گئی ہے۔ ہم تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سعودی عرب کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی نہ کریں۔ حج کے دوران کسی قسم کی فرقہ وارانہ اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہ لیں، حج عبادت کیلئے ہے سیاست کے لئے نہیں۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس کی۔ ان کے ہمراہ علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جامی، مولانا نعمان حاشر، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا ابو بکر حمید صابری، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا حق نواز خالد، مولانا عبید اللہ گورمانی، علامہ طاہر الحسن مولانا حنیف عثمانی، مولانا محمد اصغر کھوسہ، مولانا انوار الحق مجاہد، مولانا سعد اللہ لدھیانوی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستان علماء کونسل کے قائدین نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے کبائر علماء کی کونسل کے فتویٰ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت کے حج کرنے والا گناہ گار ہوگا، بغیر اجازت حج پر جانا جائز نہیں۔