وفاقی بجٹ میں سندھ میں زیر زمین گیس ذخیرہ کرنے کیلئے فنڈز رکھنے کی تجویز
کراچی(این این آئی)وفاقی بجٹ 25-2024 میں سندھ میں زیر زمین گیس ذخیرہ کرنے کی تعمیرات کے لیے فنڈز رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ میں منصوبے کیلئے 13 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کرنیکی تجویز دی گئی ہے۔حکومتی ذرائع نے بتایاکہ گیس کی انڈر گرائونڈ اسٹوریج بدین کے مقام پر تعمیر کی جائے گی، منصوبے پر مجموعی طور پر ایک ارب 84 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ذرائع نے بتایاکہ وفاقی بجٹ میں سندھ اور بلوچستان میں گیس فراہمی کے لیے نیا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فیلڈز کے 5 کلو میٹر کے اندرقائم رہائشی آبادی کو گیس فراہمی کے لیے فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔حکومتی ذرائع نے بتایاکہ اس منصوبے پر 1 ارب 9 کروڑ 34 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ اور یہ تمام رقم بجٹ میں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔