پنجاب میں محکموں کی سب سے بڑی ری سٹرکچرنگ، ڈاؤن سائزنگ ہو گی، مریم نواز نے منظوری دیدی
لاہور( نوائے وقت رپورٹ ) پنجاب میں حکومت اور گورننس کے نظام میں انقلابی تبدیلی کے لئے انقلابی فیصلہ کیا گیا ہے-پنجاب میں وزارتوں اور محکموں کی تاریخ کی سب سے بڑی ری سٹرکچرنگ کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت فالتو، نکمے اور خساروں کے شکار اداروں کی ڈاؤن سائزنگ کی جائے گی-ایک ہی کام کرنے والے زائد اداروں کو ختم کردیا جائے گا-وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ری سٹرکچرنگ کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے-وزارتوں کا حجم کم کرکے سرکاری امور کی انجام دہی میں آسانی پیدا کی جائے گی-ایک ہی کام کرنے والے اداروں کو ضم کیا جائے گا ری سٹرکچرنگ اور ڈاؤن سائزنگ سے اداروں کی کارکردگی اور عوامی خدمت کے عمل کو سادہ، آسان اور تیز بنایاجائے گا-ری سٹرکچرنگ اور ڈاؤن سائزنگ سے اربوں روپے کی بچت ہوگی- حکومت کے سالانہ اخراجات میں بڑی کمی ہونے سے مالی گنجائش پیدا ہوگی- علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد دی ہے- وزیر اعلیٰ مریم نواز نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ملکی ترقی و خوشحالی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا- انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے-سی پیک پراجیکٹس کی تکمیل میں تیزی آئے گی-وزیر اعظم شہباز شریف نیدورہ یو اے ای کے بعد چین میں بھی بہترین سفارت کاری سے ملکی ترقی خوشحالی کی راہ ہموار کر دی -وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا ہے کہ چین اور دیگر ممالک پاکستان مسلم لیگ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں -چین کے سرمایہ کاروں کی شراکت داری پر آمادگی معاشی ترقی کے راہ کھولے گی۔ پاک چین تعلقات چٹان کی طرح مضبوط اورسربلندہیں۔ پاکستان اور چین کا علاقائی امن واستحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدْللّہ ملک اچھے معاشی حالات کی جانب رواں دواں ہے-آٹا، روٹی اور دیگر ضروری اشیاء کے نرخ میں کمی کا رجحان خوش آئندہے-محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی معاشی ترقی کے لیے دن رات کام کر رہی ہے-