لکی مروت: فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، دھماکہ، کیپٹن، 6 جوان شہید
اسلام آباد+ لکی مروت (خبرنگار خصوصی +اپنے سٹاف رپورٹر سے+ صباح نیوز) سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ دھماکے کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں ایک کیپٹن اور چھ جوان شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پی کے کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم دھماکہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں کیپٹن محمد فراز الیاس اور چھ جوان جام شہادت نوش کر گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 26 سالہ کیپٹن فراز الیاس ضلع قصور کا رہائشی ہے۔ جبکہ صوبیدار میجر محمد نذیر (عمر: 50 سال، رہائشی؛ ضلع سکردو)، لانس نائیک محمد انور (عمر: 34 سال، رہائشی: گھانچی ضلع)، لانس نائیک حسین علی (عمر: 36 سال، رہائشی: غذر ضلع) ، سپاہی اسد اللہ (عمر: 33 سال، رہائشی: ضلع ملتان)، سپاہی منظور حسین (عمر: 27 سال، رہائشی: گلگت ضلع)، سپاہی راشد محمود (عمر: 31 سال، ساکن: ضلع راولپنڈی شہید ہوئے۔ علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی صفائی کی جا رہی ہے اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ علاوہ ازیں لکی مروت کے گاؤں سلطان خیل لکی کے قریب بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 6 نوجوان زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی خان پولیس اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن کیا۔ دھماکہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا۔ بم دھماکے کا ہدف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا قافلہ تھا۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے لکی مروت میں آئی ای ڈی دھماکے کی مذمت کی ہے اور واقعہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے پوری قوم پرعزم۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت میں دہشتگرد حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت 7 اہلکاروں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے لکی مروت میں پاک فوج کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ حملے کے نتیجے میں جانی نقصان پر دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے شہید اہلکاروں کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارتِ داخلہ کے جاری کردہ بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت 7 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت شہید سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔