فیروز والا میں پاک فوج کی جانب سے فری آئی سرجیکل کیمپ کا انعقاد
فیروزوالا( این این آئی)تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال فیروز والا میں پاک فوج اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے 3روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔فری آئی کیمپ فیروز والا اور اس کے نواحی دیہات کے باسیوں کے لیے آنکھوں کے معیاری علاج کی فراہمی کی غرض سے لگایا گیا۔ مجموعی طور پر اس آئی کیمپ میں کثیر تعداد میں مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے متعدد مریضوں کی مفت سرجری بھی کی گئی۔فری آئی کیمپ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ اور مقامی انتظامیہ کے تعاون سے لگایا گیا، جہاں مریضوں کو لینز اور ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ فری آئی کیمپ میں متعدد ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف صبح سے شام تک سینکڑوں مریضوں کو مفت طبی خدمات فراہم کرتے رہے۔ڈاکٹرز میں سی ایم ایچ لاہور اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ماہرین امراض چشم شامل تھے، کیمپ میں آنکھوں کا جدید آلات سے معائنہ اور موتیا کے مریضوں کی سرجری کی گئی، اس کے علاوہ مقامی افراد کو آنکھوں کے امراض اور عمومی صحت کے حوالے سے آگاہی لیکچرز دئیے گئے۔دیہی علاقوں کے سینکڑوں افراد فری آئی کیمپ سے مستفید ہوئے، علاقے کے عوام نے پاک فوج کے عوامی بہبود کیلئے اقدامات کو بہت سراہا۔ عوام نے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ اور پاک فوج کی خدمات پر اظہار تشکر کیا۔