کولمبیا نے اسرائیل کو کوئلے کی فروخت معطل کر دی
بگوٹا(این این آئی)کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اسرائیل کو کوئلے کی برآمد معطل کر رہی ہے۔ کوئلے کی برآمد معطلی کا فیصلہ اس وقت تک کے لیے ہے جب تک اسرائیل غزہ میں جنگ جاری رکھتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر پیٹرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا اسرائیل کو کوئلے کی برآمد اس وقت تک معطل رہے گی جب تک اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی بند نہیں کرے گا۔ صدر پیٹرو نے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کے معاملے پر کولمبیا اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کرے گا۔ نیز رام اللہ میں اپنا سفارت خانہ کھولے گا۔صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل کے بنائے گئے ہتھیاروں کی خریداری بھی بگوٹا نہیں کرے گا۔کولمبیا حکومت کے مطابق اسرائیل کو کوئلہ برآمد پر پابندی سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے حکم نامے کے پانچ دن بعد نافذ ہوگی۔ اس فیصلہ کا اس کھیپ پر اثر نہیں پڑے گا جو پہلے ہی روانہ ہو چکی ہے۔