5 ہزار میگا واٹ سے زائد شارٹ فال، 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ، کاروبار شدید متاثر، عوام پریشان
اسلام آباد+ سمندری (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5ہزار 543 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 19 ہزار 457 میگاواٹ ہے۔ پن بجلی سے 6ہزار 890میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 685 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار 885 میگاواٹ ہے۔ ونڈ پاور پلانٹس سے 782 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ سولر پاور پلانٹس سے184، بگاس سے 132 اور نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 2 ہزار 894 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ واضح رہے بجلی کے شارٹ فال کے باعث ملک بھر میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے۔ دریں اثناء سمندری و گردونواح میں گرمی کی شدت کے دوران فیسکو نے بھی شہریوں کا کڑا امتحان لینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ دن بھر وقفے وقفے سے بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا جبکہ کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ بجلی کی بندش کے باعث پانی بھی نایاب ہو گیا۔