• news

گیپکو، 304، فیسکو میں 41 بجلی چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے

گوجرانوالہ+ فیصل آباد+ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) رواں ماہ کے پہلے ہفتہ کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کے کامیاب چھاپوں کے نتیجہ میں 304بجلی چور رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے، جنہیںایک کروڑ 29لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے، حالیہ آپریشن میں پکڑے جانے والے بجلی چوروں کی تعداد 8519ہو گئی۔ رواں ماہ کے پہلے ہفتہ کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کارروائیوںکے نتیجہ میں سٹی سرکل سے81، کینٹ سرکل 80، گجرات سرکل سے33، سیالکوٹ سرکل سے54، نارووال سرکل سے32 اور منڈی بہائوالدین سرکل سے 24جبکہ ریجن بھر سے مجموعی طور پر 304 بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا ۔ مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کو گیپکو کی جانب سے3لاکھ 23ہزارسے زائد یونٹس کی مد میں ایک کروڑ29 لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹکشن بل جاری کئے گئے جبکہ تما م بجلی چوروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں بھی دی گئیں۔ فیسکو ریجن کے 6 آپریشن سرکلز میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران گزشتہ روز مزید41  بجلی چور پکڑے گئے جن کو 82ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 19لاکھ 72ہزار سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فیسکو ریجن میں بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم میں 274روز کے دوران کل 8832 بجلی چور پکڑے گئے جن کو 2 کروڑ56لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 89کروڑ 96لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ آئیسکو نے سرکاری نادہندہ اداروں کی لسٹ جاری کر دی۔ بل نادہندگان اداروں کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں بجلی واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کی مہلت دے دی گئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا کہ بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی یقینی طور پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور سسٹم اپ گریڈیشن کیلئے جاری پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے ناگزیر ہیں۔ آئیسکو نے مراسلہ نمبر 99-3886 کے تحت سرکاری نادہندہ اداروں کی لسٹ جاری کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن