• news

بہادر افواج کے شانہ بشانہ ملکی سلامتی کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں،پیرحسان 

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے  سہ روزہ 127 سالہ سالانہ عرسِ مبارک وعالمی یا رسول اللہ  کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کلمہ شریف پڑھنے کے بعد سب سے اہم چیز عقیدہ ہے اور اعمال کی مقبولیت کا تعلق عقائد کے ساتھ ہے اور ہمارے پاس اہلِ بیت اطہار و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین کے عقائد مشعلِ راہ ہیں۔ امتِ اور اسلامیانِ پاکستان کے پاس دین و دنیا میں سر خرو ہونے کے لئے غلامیِ رسول کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ پاکستا ن کی سلامتی و بقاء میں افواجِ پاکستان کی تمام قربانیاں اور شہداء قابلِ صد تکریم ہیں اور ہم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ملک کی سلامتی کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ نماز فجر کے بعد سہ روزہ عرس مبارک و عالمی یا رسول اللہ  کانفرنس کی اختتامی نشست میں مفتی فیصل حسین نقشبندی، قاری محمد سلیم شہزاد، علامہ حافظ ظہور و دیگر جید علمائے کرام نے شرکت کی۔ لاکھوں عقیدت مندوں، اندرون و بیرون ممالک سے مریدین، ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے عید گاہ شریف کا مرکزی پنڈال حدِ نگاہ تک بھرا ہوا تھا۔اختتامی تقریب میں بار گاہِ رسالت مآب  میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اورعرس مبارک کی تقریبات کے اختتام پر پیرمحمد نقیب الرحمن نے عالمِ اسلام کے اتحاد، ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور تمام محکمہ جات جنہوں نے اس سہ روزہ عرس مبارک  و عالمی یا رسول اللہ  کانفرنس کی تقریبات میں خدمات انجام دیں ان کے لئے دعا فرماتے ہوئے کہا کہ ربِ رحمان آپ کو اپنے بے پناہ وسیع خزانوں میں سے نوازے جنہوں نے اس گرمی کے باوجودانتھک محنت و لگن سے اپنے فرائض سر انجام دیے ان میں ضلعی انتظامیہ، رینجرز و سیکورٹی ایجنسیز،پنجاب پولیس، سٹی ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ، واپڈا، ویسٹ مینیجمنٹ اتھارٹی،1122، آئیسکواور واسا کے محکمہ جات شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن