عید آمد،کاشتکاروں کو فوری پر معاوضہ ادا کریں،کسان کارڈ لالی پاپ :رشید منہالہ
لاہور( خصوصی نامہ نگار) کسان بورڈ وسطی پنجاب کے صدر میاں رشید منہالہ نے کہا ہے کہ عید کی آمد،شوگر ملیں گنے کے کاشتکاروں کو فوری طور پر معاوضہ ادا کریں۔ کسان کارڈ کے نام پر صرف لالی پاپ دیا گیا ہے۔حکومت کسانوں کو فائدہ دینا چاہتی ہے تو زراعت کیلئے بجلی مفت اور زرعی مداخل پر ٹیکس ختم کیا جائے۔ کھادبلیک میں فروخت کرنیوالوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ مصنوعی قلت پیدا کرنیوالوں، ذخیرہ اندوزوں اور کرپٹ سرکاری افسران کو سخت سزائیں دی جائیں۔ معطل افسران بحال ہونے پر مزید لوٹ مار کرتے ہیں۔ کسان کارڈ کا فائدہ بھی جاگیر داروں،سرمایہ داروں اور سیاستدانوں کے مزارے اٹھائیں گے۔ مسلسل بڑھتی ہوئی بجلی اور پٹرول کی قیمتیں،کھادمافیا کی لوٹ مار،ناقص بیج، جعلی زرعی ادویات،نہری پانی کی عدم دستیابی سے کسان پریشان حال ہیں۔ کسانوں کو ان کی اجناس کا مناسب معاوضہ بھی نہیں دیا جارہا۔ گنے کے کاشتکاروں کو شوگر ملوں والے معاوضہ بھی چکر لگوا لگوا کر ادا کرتے ہیں۔ کسان مایوسی کا شکا ر ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت بجلی اور پٹرول سستااور مہنگائی کا خاتمہ کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چینی ایکسپورٹ کرنے سے ملک میں چینی کا بحران اور مہنگائی کا طوفان آئے گا۔