• news

وزیر تعلیم کابہاولپور میں بچوں کی جیل کا دورہ ،سہولیات، ٹائم ٹیبل کا جائزہ 

لاہور (لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اچانک بہاولپور میں بچوں کی جیل کا دورہ کرنے پہنچ گئے جہاں انہوں نے جیل میں بچوں کو دی جانیوالی سہولیات اور روز مرہ امور کیلئے بنائے گئے ٹائم ٹیبل کا جائزہ لیا۔ بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور فن کی تعلیم و تربیت پر مامور اساتذہ سے ملاقات و مسائل سے آگاہی بھی حاصل کی۔ وزیر تعلیم نے اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے ایک ماہ کا اعزازیہ دینے کا اعلان بھی کیا۔ رانا سکندر حیات نے جیل میں بچوں کے ساتھ ملکر مختلف کھیلوں میں بھی حصہ لیا اور فٹ بال، والی بال، کیرم اور دیگر گیمز کھیل کر ان میں گھل مل گئے۔ وزیر تعلیم نے جیل میں بچوں کو فنی مہارات سکھانے کے امور کا بھی جائزہ لیا اور انہیں ٹیکنالوجی سکھانے کی بھی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اور دیگر فنی مہارات پر عبور دے کر بچوں کو مثبت رجحانات کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔ رانا سکندر حیات نے بچوں کو محنت اور زندگی کے سنہرے اصول اپنانے کی نصیحت کی اور کہا کہ زندگی کے مقصد کو از سر نو ترتیب دینے کیلئے محنت کریں۔ جیل سے رہائی کے بعد بچوں کے خوابوں کو پورا کرنے میں ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن