• news

منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 8576 چھاپے‘ 3953 ملزم گرفتار 

لاہور(نامہ نگار) پولیس ٹیموں نے ڈرگ فری پنجاب مہم کے تحت ایک ماہ میں صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 8576 چھاپے مارے ، مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف 3860 مقدمات درج  کئے اور 3953 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 1982 کلو گرام سے زائد چرس ، 44 کلو ہیروئن، 18 کلو آئس اور 46578 لٹرز شراب برآمد ہوئی جبکہ پولیس ٹیموں نے منشیات کی لت میں مبتلا 76 افراد کو بحالی مراکز میں داخل کروایا۔ سال رواں میں انسداد منشیات کریک ڈاؤن میں صوبہ بھر میں پولیس ٹیموں نے 48795 چھاپے مارے، منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کیخلاف 25238 مقدمات درج کرتے ہوئے 25349 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضہ سے 14221 کلو سے زائد چرس،131 کلو سے زائد خطرناک ترین نشہ آئس برآمد ، 2498 کلو ہیروئن اور 337059 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی، پولیس ٹیموں نے صوبہ بھر میں منشیات کی لت میں مبتلا 611 افراد کو بحالی مراکز میں داخل کروایا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں منشیات کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سپلائی چین میں ملوث اسمگلرز ، ڈیلرز اور سپلائرز کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ اے این ایف اور دیگر اداروں کیساتھ مل کر مشترکہ آپریشنز کئے جائیں ، ماڈرن ڈرگز اور زہریلی شراب سمیت تمام منشیات کے خلاف ترجیحی کاروائیاں جاری رکھی جائیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن