فیصل آباد میں ناقص کارکردگی ‘ اختیارات کے ناجائز استعمال پر4اہلکار برطرف
فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) سی پی او کامران عادل نے ناقص کارکردگی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں چار پولیس ملازمین کو نوکری سے فارغ‘ ایس ایچ او سمیت 2افسران کی تنخواہ میں ایک درجہ تنزلی‘ 3پولیس افسران کی سروس ضبطگی اور دیگر کو سنشور سزائیں دی گئیں۔ سی پی او کامران عادل نے پولیس لائن میں اردل روم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ضلع بھر سے افسران وملازمین پیش ہوئے، ناقص کارکردگی اور فرائض میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کو ملنے والے شوکاز نوٹسز اور اپیلوں پر فیصلے سنائے گئے جس کے مطابق ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایم ٹی او سب انسپکٹر مبشر‘ پی ایس اے ثانیہ‘ پی ایس اے ارسلان اور سینٹری ورکر دلبر مسیح کو نوکری سے برخاست کر دیا جبکہ ایس ایچ او تھانہ صدر سمندری انسپکٹر محسن منیر‘ انسپکٹر محمد یعقوب کی تنخواہ میں ایک درجہ تنزلی اور تین پولیس اہلکاروں سب انسپکٹر بشیر خان کی ایک سال سروس ضبطگی‘ کانسٹیبلان بابر خان اور گل بہار کی دو دو سال سروس ضبطگی کی سزا دی گئی، 4پولیس افسران ایس ایچ او تھانہ سرگودھا روڈ عاصم منیر‘ اے ایس آئی ندیم اﷲ‘ اے ایس آئی عامر طفیل‘ اے ایس آئی محمد سرفراز کو سنشور اور اے ایس آئی یاسر علی اور ہیڈ کانسٹیبل محمد طیب کو سنشور اور معطلی کی سزا دی گئی۔ 6افسران انسپکٹر واجد نذیر‘ اے ایس آئی محمد عباس‘ اے ایس آئی شاہد ندیم‘ اے ایس آئی محمد یار‘ اے ایس آئی عبدالجبار اور لیڈی کانسٹیبل قندیل کیخلاف انکوائری کا حکم دیا، سی پی او نے 2افسران سب انسپکٹر محمد حنیف اور کانسٹیبل محمد حسیب کے شوکاز نوٹس کے جواب پر مطمئن ہونے پر معطلی کو بحال کر دیا۔ انہوں نے 15 اپیلوں پر فیصلے سناتے ہوئے 6اپیلوں کو مسترد‘ 5کو فائل‘ 2اپیلوں کی انکوائری تبدیل اور 2اپیلوں پر انکوائری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ سی پی او نے اردل روم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ‘ بداخلاق اور اچھی شہرت نہ رکھنے والے پولیس ملازمین کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے اور سزا وجزاء کا عمل جاری رہے گا۔