اغوا ‘ قتل کی واردات میں مطلوب اشتہاری سپین سے گرفتار
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بیرون ممالک مفرور اشتہاری مجرمان کہ گرفتاریوں کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اغوا و قتل کی واردات میں مطلوب خطرناک اشتہاری کو سپین سے گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اشتہاری سعد تنویر گوجرانوالہ پولیس کو ایک سال سے اغوا اور قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا، ملزم سعد تنویر نے 2023ء میں جبران نامی شہری کو اغواکے بعد فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا، مجرم بعد ازاں روپوش ہو کر سپین فرار ہوگیا تھا، پنجاب پولیس نے مسلسل فالو اپ جاری رکھا، انٹرپول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروا کر ملزم کو سپین سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کردیا گیا، انسپکٹر خالد وریا کی قیادت میں پولیس ٹیم نے ائیر پورٹ سے ملزم کو حراست میں لے لیا، رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 48 ہو گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک اشتہاری کو سپین سے گرفتار کرنے پر سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم و پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سپیشل آپریشن سیل کو مزید اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انٹرپول اور ایف آئی اے کیساتھ تعاون سے سنگین جرائم میں ملوث مزید اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرکے واپس لایا جائے اور انہیں قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔