سائفر کیس فیصلے سے عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہوا:رانا عبدالسمیع خان
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف مرکزی لیبر پالیسی کے رہنماء رانا عبدالسمیع خان نے کہا ہے کہ سائفر کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی بریت کے فیصلے سے عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، دیگر مقدمات میں بھی بانی چیئرمین پی ٹی آئی باعزت بری ہوجائیں گے، (ن )لیگ جب بھی اقتدار میں آتی ہے وہ اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی کو اپناتی ہے، عدلیہ کو کالی بھیڑیں قرار دینے کا بیان آمرانہ ذہن کی عکاسی ہے۔سرکاری اداروں میں ڈیلی ویجزاورکنٹریکٹ ملازمین کو بھی سوشل سکیورٹی ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کی سہولیات ملنی چاہیے اس کیلئے حکومت واضح پالیسی کا ااعلان کرے موجودہ حکومت صنعتی کارکنوں کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے کم از کم اجرت کے قانون کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں ۔ حکومت نے کوئی نئی لیبر پالیسی نہیں دی جس سے صنعتی کارکن مسائل کا شکار ہیں ۔ شیخوپورہ، فیصل آباد، لاہور سمیت ہر ضلع میں نئی لیبر کالونیاں بنائی جائیں تاکہ صنعتی کارکنوں کو رہائش کا مسئلہ حل ہو سکے۔