• news

اسحاق ڈار غزہ کی صورتحال پر کانفرنس میں شرکت کیلئے اردن چلے گئے: دفتر خارجہ 

اسلام آباد (این این آئی) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اعلیٰ سطحی کانفرنس ’’کال فار ایکشن‘‘ غزہ کے لیے فوری انسانی ردعمل‘‘ میں شرکت کے لئے دو روزہ دورے پر اردن چلے گئے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق کانفرنس کا اہتمام اردن کے شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ کانفرنس کا مقصد غزہ میں خوفناک انسانی صورتحال کے پیش نظر اجتماعی ردعمل تیار کرنا ہے۔ کانفرنس کے موقع پر نائب وزیر اعظم کی کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممالک کے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ بیان کے مطابق کانفرنس میں پاکستان کی شرکت مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور فلسطینی کاز کے لیے اس کی مضبوط اور دیرینہ حمایت کو واضح کرتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن