• news

پٹرولیم لیوی میں   20 روپے لٹر  تک اضافے کا امکان 

لاہور( این این آئی)وفاقی آمدن بڑھانے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں فی لیٹر 20 روپے تک اضافے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام کو منتقل نہ کیے جانے کا خدشہ ہے۔وفاقی بجٹ 25-2024 میں آئندہ مالی سال پیٹرولیم مصنوعات پر سیلزٹیکس لگانے اور پیٹرولیم لیوی بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال پیٹرولیم مصنوعات پرسیلزٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی ہے، اسی طرح لیوی 60 روپے سے بڑھا کر فی لیٹر 80 روپے تک کی جاسکتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال پیٹرولیم مصنوعات پرسیلز ٹیکس مرحلہ وار بڑھانے کی تجویز ہے، اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح صفر ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرول اورڈیزل پر 60 روپے فی لیٹر ڈیولپمنٹ لیوی وصول کی جا رہی ہے، اگر سیلز ٹیکس میں اضافہ اورلیوی بڑھائی جاتی ہے تو ریلیف عوام کو منتقل نہیں ہوپائے گا۔حکومت پہلے ہی پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی حاصل کر رہی ہے، جو قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ قابل اجازت حد ہے، جبکہ 31 مارچ کو ختم ہونے والے پہلے ابتدائی 9 ماہ کے دوران حکومت اس مد میں 720 ارب روپے اکٹھا کر چکی ہے، حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ کیے گئے وعدوں کے تحت رواں مالی سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن