• news

الیکشن کمشن نے اسلام آباد سے لیگی ارکان اسمبلی کی ٹر بیونل درخواست منظور کر لی

اسلام آباد (وقائع نگار) الیکشن کمشن نے اسلام آباد کے ٹربیونل کی تبدیلی سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے  ارکان قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری، انجم عقیل خان اور راجا خرم نواز کی درخواست منظور کرلی۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ٹربیونل کی تبدیلی کا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ اسلام آباد کے تین لیگی اراکین اسمبلی نے ٹربیونل پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں ٹربیونل جج تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ 7 جون کو اسلام آباد کے انتخابی ٹربیونل کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل 4 جون کو الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے ٹربیونل کی تبدیلی سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی درخواستیں قابل سماعت قرار دے دی تھیں۔ این اے 46، این اے 47 اور این اے 48 سے کامیاب قرار دیے گئے امیدوار انجم عقیل خان، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور راجا خرم نواز نے اپنی درخواستوں میں نہ صرف ان کے خلاف الیکشن پٹیشن کسی دوسرے ٹربیونل منتقل کرنے کا مطالبہ کیا بلکہ ان کی درخواستوں کے حتمی نتائج آنے تک الیکشن ٹریبونل کے سامنے کارروائی روکنے کی بھی استدعا کی تھی۔ قانونی صورت حال یہ ہے کہ اسلام آباد میں ایک ہی الیکشن ٹریبونل ہے اور قانون کے تحت الیکشن کمیشن مقدمات کو اسلام آباد سے باہر کسی ٹربیونل میں منتقل نہیں کر سکتا اور ریٹائرڈ ججوں کو بطور الیکشن ٹربیونل تعینات کرنے کا اختیار دینے والے آرڈیننس کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جا چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن