• news

ہر شہری کی سروسز تک یکساں رسائی یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہوں : مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے صوبائی محتسب اعظم سلیمان خان نے ملاقات کی۔ صوبائی محتسب اعظم سلیمان نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو سالانہ رپورٹ پیش کی۔ ملاقات میں انتظامی امور اور گڈ گورننس پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری محکموں سے متعلق عوامی شکایات اور ازالے کے میکنزم پر گفتگو کی گئی۔ صوبائی محتسب نے عوامی شکایات اور تنازعات کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور سروسز کو بہتر بنانے کے لیے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر شہری کی سروسز تک یکساں رسائی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہوں۔ مریم نواز شریف نے عارف والا کے گائوں جیون شاہ میں پانچ سالہ بچے سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے  اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ مریم نواز شریف نے کلرکہار ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن