معلوم ہت ٹیم میں کیا چل رہا تھا، بڑی سرجری کی ضرورت : محسن نقوی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا قومی ٹیم کو چھوٹی نہیں بلکہ بڑی سرجری کی ضرورت ہے، وقت آ گیا ہے کہ باہر بیٹھے ٹیلنٹ کو موقع دیا جائے۔ بھارت کے خلاف بڑے میچ میں قومی ٹیم کی شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے میچ کے بعد صحافیوں سے اپنی گفتگو محسن نقوی نے کہا شکست ہر لحاظ سے مایوس کن تھی، پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پرفارمنس پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا تھا کرکٹ ٹیم کا چھوٹی سرجری سے کام چل جائے گا لیکن انتہائی خراب کارکردگی کے بعد یقین ہوگیا ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا قوم جلد بڑی سرجری ہوتی ہوئے دیکھے گی، ہمارا سب سے بڑا چیلنج ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ ہمیں چیمپئنز ٹرافی کیلئے ٹیم تیار کرنی ہے اور وقت آگیا ہے کہ باہر بیٹھے نئے ٹیلنٹ کو بھی موقع دیا جائے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی ایک بہترین ٹیم بنانا ہے۔ اچھی طرح معلوم ہے کہ ٹیم میں کیا چل رہا تھا اور ہارنے کی وجوہات کیا ہیں۔ قوم کرکٹ ٹیم سے ایسی مایوس کن کارکردگی کی توقع نہیں رکھتی۔