لکی مروت حملے کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: ظہیراقبال چنڑ
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) قائم مقام سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ لکی مروت حملے کے شہیدوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی اور دہشت گردوں کوکیفرکردارتک پہنچاکردم لیں گے۔انہوں نے کہا پو ری قوم ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک ظہیر اقبال چنڑ نے لکی مروت حملے میں شہید فوجی افسران کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔انہوں نے کیپٹن فراز الیاس اور شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور انکے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا فوجی جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ پاک فوج کے بہادر جوانوں و افسران نے ملک کی بقاء کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ مجھ سمیت پوری قوم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا شہداء کے اہلِ خانہ پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں۔ اس گھناؤنے فعل کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔