بھا رت سے شکست پاکستانی ٹیم کا سپر ایٹ میں پہنچنا مشکل ، آج کینیڈا سے مقابلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات انتہائی کم ہو گئے اور اگلے مرحلے تک قومی ٹیم کو رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنے دونوں میچز جیتنے کے ساتھ دیگر ٹیموں کے نتائج کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے گزشتہ روز نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کیخلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے گرین شرٹس کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا اور 120 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے ایونٹ میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کر لی تھی،گوکہ پاکستان ٹیم کو کم و بیش ہر عالمی مقابلے میں ایسی ہی صورتحال درپیش ہوتی ہے تاہم اس بات کی کسی کو ہرگز امید نہ تھی کہ ایک ایسے ایونٹ میں جس میں قومی ٹیم کے گروپ میں بھارت کے علاوہ بقیہ نسبتاً کمزور ٹیمیں موجود ہیں، وہاں اپنے ابتدائی 2 میچوں کے بعد ہی پاکستان کو ایسی نازک صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا۔اگر پوائنٹس ٹیبل کو دیکھیں تو گروپ اے میں بھارت 4 پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے، امریکہ4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کینیڈا 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔اسی طرح پاکستان صفر پوائنٹس اور منفی 0.150 کے رن ریٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے جب کہ آئرلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔بھارت کے بعد پاکستان کا اگلا مقابلہ کینیڈا سے ہو گا اور اس میچ میں پاکستان کو بڑے مارجن سے جیتنے کی کوشش کرنا ہو گی اور اس کے بعد آئرلینڈ کو بھی لازمی بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا۔اگر قومی ٹیم دو میچ جیت جاتی ہے اور آئرلینڈ کی ٹیم بھی امریکہ کو شکست دے دیتی ہے اور پاکستان، امریکہ اور آئرلینڈ کی کینیڈا کیخلاف ممکنہ فتح کے بعد راؤنڈ میچز کے اختتام پر تینوں ٹیمیں دو، دو میچ جیت چکی ہوں گی اور ایسی صورت میں بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیم ہی آگے جا سکے گی، اگر امریکہ 2 میں سے ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب رہا تو پاکستان کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوجائے گا۔پاکستان کو امریکہ اور آئرلینڈ جیسی ٹیموں کے میچوں کے نتائج پر انحصار کرنا ہو گا، گرین شرٹس کو اب اپنے دونوں میچز جیتنا ہوں گے، قومی ٹیم آج کینیڈا اور 16 جون کو آئرلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔