بانی پی ٹی آئی کی پنجاب کابینہ کے فیصلے کے خلاف درخواست، فریقین کو جواب داخل کرانے کی مہلت
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی پنجاب کابینہ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریقین کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دے دی۔ عدالت نے تفصیلی جواب داخل کرانے کی ہدایت کرتے سماعت 12 جون تک ملتوی کر دی۔ جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے سردار لطیف کھوسہ کے توسط سے دائر کی ہے۔ موقف اپنایا گیا ہے کہ پنجاب کابینہ نے 24 مئی کو پی ٹی آئی لیڈرز کو مزید کیسز میں نامزد کرنے کی منظوری دی۔ سیاسی انتقام اور غلط پالیسیوں کے باعث ملک معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا، ایسے حالات میں پنجاب کابینہ کا بے بنیاد فیصلہ مزید خرابی ہو گی لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ پنجاب کابینہ کے 24 مئی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔