کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ن لیگ کو اس بار گدی سے پکڑا ہے، فاروق ستار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہاہے کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو شارع فیصل یا ایم اے جناح روڈ پر عوامی اسمبلی لگائیں گے۔سندھ ہائیکورٹ میں انتخابی عذرداری کا جواب جمع کرانے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مسلم لیگ نون کو اس بار گدی سے پکڑا ہوا ہے۔ اگر نون لیگ نے گدی پر تیل لگا کر ماضی کی طرح جان چھڑانے کی کوشش کی تو عوامی قوت کا مظاہرہ کریں گے۔فاروق ستار نے الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ مسائل حل نہ ہوئے تو شارع فیصل یا ایم اے جناح روڈ پر عوامی اسمبلی لگائیں گے۔ ایم کیو ایم کی 22 سیٹیں تعداد میں کم ہیں، لیکن کردار اہم ہے۔ اگر ہم پیچھے ہٹ گئے تو ان کی نام نہاد اکثریت کا پول کھل جائے گا۔ وفاق سے کراچی حیدر آباد کے لیئے پیکیج بھی لینگے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد کے مسائل کوئی ایک جماعت حل نہیں کرسکتی۔ دیگر سیاسی قوتوں کو بھی ساتھ ملانا ہوگا۔ ہمیں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر کو بھی سمجھانا ہوگا۔