پاکستان کیساتھ مشترکہ مستقبل، دو طرفہ کمیونٹی کی تعمیر تیز کرنے کے خواہاں ہیں: چین
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی بھرپور حمایت، تعاون پر مبنی تعلقات کو مضبوط بنانے، سٹرٹیجک کوآرڈینیشن کو گہرا کرنے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کرنے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کو پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے دورہ چین کے حوالے سے بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کیا۔ شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے پاک چین تعلقات اور مشترکہ تشویش کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پاک چین تعلقات کے فروغ کے لئے سٹرٹیجک رہنمائی فراہم کی۔ ملاقات میں صدر شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان ہر موسم میں سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ مسلسل گہری ہوئی ہے، جس میں رائے عامہ کی مضبوط بنیاد، مضبوط اندرونی محرک قوت اور وسیع تر ترقی کے امکانات موجود ہیں۔ فریقین نے پاکستان کی قومی ترقی کے فروغ اور پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں پاک چین اقتصادی راہداری کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ "بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے " اور پاکستان کے ترقیاتی منصوبے کی اعلیٰ معیار کی مشترکہ تعمیر کو فروغ دینے، مقامی حالات کے مطابق مختلف شعبوں میں عملی تعاون کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اعلیٰ معیار کی مشترکہ تعمیر کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں تاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے "اپ گریڈڈ ورژن" کو مرکز کے طور پر تخلیق کیا جا سکے تاکہ پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں بہتر مدد مل سکے۔ ترجمان بتایا کہ پاکستانی حکومت نے ایک بار پھر 26 مارچ کے داسو دہشت گرد حملے میں ہلاک ہونے والے چینی اہلکاروں سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور انہیں سخت سزا دے گی اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے عملی اور موثر اقدامات کرے گی۔ فریقین نے مختلف بین الاقوامی کثیر الجہتی میکانزم کے اندر تعاون اور ہم آہنگی کو مستحکم کرنے، مشترکہ طور پر مساوی اور منظم عالمی کثیر الجہتی اور جامع اقتصادی عالمگیریت کو فروغ دینے اور ترقی پذیر ممالک کی ایک بڑی تعداد کے مشترکہ مفادات اور بین الاقوامی شفافیت اور انصاف کا مشترکہ تحفظ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دورے کے دوران فریقین نے پاک چین اقتصادی راہداری، نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے، زراعت، صنعت، بین الحکومتی معاونت، مارکیٹ کی نگرانی، جغرافیائی سروے اور نقشہ سازی، میڈیا، فلم اور ٹیلی ویژن وغیرہ سے متعلق تعاون کی 23 دستاویزات پر دستخط کیے۔ اس دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے شینزین، شیان اور دیگر شہروں کا بھی دورہ کیا۔