داسو پاور پراجیکٹ کیلئے عالمی بنک نے مزید ایک ارب ڈالر قرض کی منظوری دیدی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ورلڈ بنک نے واپڈا کے زیرتعمیر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے مزید ایک ارب امریکی ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ورلڈ بنک کی جانب سے اضافی رقم کی فراہمی پاکستان میں ماحول دوست اور سستی پن بجلی پیدا کرنے کے لئے درکار فنڈنگ کے حوالے سے بہت بڑی پیش رفت ہے۔ پاکستان میں کسی بھی پراجیکٹ کے لئے ورلڈ بنک کی جانب سے یہ سب سے بڑی فنانسنگ کی سہولت ہے۔ فنانسنگ کی یہ رعایتی سہولت آئی ڈی اے اور آئی بی آر ڈی پر مشتمل ہے۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری ورلڈ بنک نے ایک میٹنگ کے دوران دی۔ ورلڈ بنک کی جانب سے داسو پراجیکٹ کیلئے ایک ارب ڈالر اضافی فنانسنگ، واپڈا کی مستحکم مالی پوزیشن اور پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں بڑے منصوبوں کی کامیاب تکمیل کیلئے واپڈا کی تکنیکی مہارت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ورلڈ بنک پہلے ہی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 588 ملین ڈالر قرض اور 460 ملین ڈالر کی کریڈٹ گارنٹی فراہم کر رہا ہے۔ واپڈا نے ان منصوبوں کی تعمیر کے لئے اپنی مالی پوزیشن کو بروئے کار لاتے ہوئے مربوط حکمت عملی ترتیب دی ہے تاکہ قومی خزانے پر انحصار کم سے کم ہو۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ واپڈا کے زیرتعمیر 8 بڑے منصوبوں میں شامل ہے۔ 4 ہزار 320 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ صوبہ خیبر پی کے کے ضلع اپر کوہستان میں داسو ٹاؤن کی بالائی جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کو دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔